لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے لاہور میں قائداعظم بزنس پارک کا افتتاح کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی قوم انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔ عمران خان نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو بزنس پارک کے قیام پر مبارک باد دیتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سنگا پور نے منصوبہ بندی کے تحت ترقی کی اور ہم سے آگے نکل گیا۔ بدقسمتی سے ملک میں طویل مدت منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ اب حکومت کی سمت درست ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1960 کے بعد پاکستان میں کوئی پلاننگ نہیں ہوئی۔ ہماری صرف یہ پلاننگ ہوئی ہے کہ الیکشن کیسے جیتیں۔ ماضی میں صرف سیاسی مفاد کو مدنظر رکھ کر قلیل مدت منصوبہ بندی کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے پنجاب کے تمام مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت ہمیشہ تعاون کریگی۔ اس پارک کی لوکیشن بھی بہت زبردست ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے آسانیاں پیدا کررہے ہیں۔ غریبوں کے لیے 50 لاکھ گھر بنانے ہیں۔ جس کیلئے نیا پاکستان ہاوَسنگ اتھارٹی بنائی ہے۔ پرانا سسٹم ایسا ہے کہ کسی کو آسانی سے کام کرنے نہ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اداروں میں اصلاحات ایک دن میں نہیں ہوتیں۔ پرانا سسٹم ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ سرخ فیتہ کلچر کسی کو کام نہیں کرنے دیتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں میں اصلاحات کا عمل شروع کردیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چینی کمپنیاں بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ پنجاب میں کرپشن ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔ آہستہ آہستہ رکاوٹیں دور کریں گے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں