کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے حکومت پر تنقیدی تیروں کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا وزیر اعظم رہنا جمہوریت اور معیشت کیلئے خطرہ ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کشمیر کاز اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ یا الیکٹڈ، ہم سب کشمیر کاز پر اکٹھے ہوتے تھے لیکن یہ پہلے اور آخری وزیراعظم ہے جنہوں نے قوم کو کشمیر کاز پر متحد نہیں کیا۔
کراچی میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیر کاز میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا اور آج بھی ان کی تقریریں کو پاکستان اور کشمیر کے سارے عوام یاد کرتے ہیں۔
بلاول نے کہا کہ جب شہید ذوالفقار علی بھٹو احتجاج کی کال دیتے تھے، تو نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پورا مقبوضہ کشمیر بھی احتجاج میں ساتھ دیتا تھا، کیونکہ انہیں پورا اعتماد تھا کہ پاکستان کی قیادت اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور سے عمران خان کا کچن اور پی آر مہم چل رہی ہے۔ شوگر، آٹے پر کرپشن، ہر پاکستانی کےگھر ڈاکا ، لیکن سب خاموش ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کرپشن کے رکارڈ ٹوٹ گئے، فارن فنڈنگ میں کرپشن سے متعلق اکبر ایس بابر کہہ کہہ کر تھک گیا، لیکن نیب چپ ہے۔ بی آر ٹی منصوبہ کرپشن کاسفید ہاتھی ہے۔ علیم خان کی منی ٹریل کہاں ہے۔ پوسٹ آفس اورریلوے میں کتنی کرپشن ہورہی ہے، انہوں نے کرپشن کے رکارڈ توڑ دیے ہیں۔
بلاول نے کہا کہ عوام معاشی بحران اور وبا کی صورتحال سے گزر رہے ہیں۔ ابراج گروپ اور عارف نقوی عمران خان کے اے ٹی ایم مشین ہیں۔ ابراج گروپ کے خلاف ایف آئی اے کی رپورٹ دبا دی گئی۔ عارف نقوی نے گرفتاری کے وقت عمران خان اور عارف علوی کو فون کیا۔ کراچی میں بجلی آتی نہیں اور بنی گالہ سے بجلی جاتی نہیں۔ کراچی کے عوام کو گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ برداشت کرنا پڑتی ہے۔
پی ٹی آئی کے مک مکا کی وجہ سے کراچی کا خون چوسا جا رہا ہے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں