آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈ ی جی) انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے ملکی سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔

تفصیل کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔ عسکری قیادت نے ملک کی سیاسی قیادت کو واضح طور پر بتایا کہ پاک فوج کا سیاسی عمل سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی تعلق نہیں ہے۔ 

عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ الیکشن ریفارمز، نیب اور سیاسی معاملات میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ اس حوالے سے یہ کام سیاسی قیادت نے خود کرنا ہے۔

عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر فوج ہمیشہ سول انتظامیہ کی مدد کرتی ہے ۔ پارلیمانی رہنماﺅں کے ساتھ ملاقات کے دوران عسکری قیادت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر تیز تر اور موثر عملدرآمد پر زور دیا گیا ۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے انتظامیہ امور اور قومی اسلامتی کے امور سے متعلق بات چیت ہوئی ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز عسکری قیادت اور پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات کی تصدیق وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی کی تھی۔

وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا تھاکہ مقتدر حلقوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ انہیں کسی کام میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں، ملک کی سلامتی اور جمہوریت انہیں عزیز ہے۔

شیخ رشید کے مطابق گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف ہوں گے، مقتدر حلقوں نے کہا ہےکہ جو بھی منتخب حکومت ہوگی، ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم کسی ایک حکومت کے ساتھ نہیں ہیں۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top