واشنگٹن: وائٹ ہاوس انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھیجے گئے زہر سے بھرے پیکٹ کی بروقت نشاندہی کرکے قتل کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے انکشاف کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نامعلوم مقام اور شخص کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھیجے گئے ایک مشکوک پیکٹ کو قبضے میں لیا ہے جس میں ‘ریسین’ نامی زہر کی تصدیق ہوگئی ہے۔

اس حوالے سے امریکی عہدیداروں نے ’’سی این این‘‘ کو مزید بتایا کہ ایف بی آئی اور سیکریٹ سروس زہریلے مواد ’’ریسین‘‘ سے بھرے پیکٹ سے متعلق تفتیش کر رہی ہیں۔ پیکٹ کے لیب ٹیسٹ سے بھی زہریلے مادے ریسین کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

فیڈرل بیورو انویسٹیگیشن (ایف بی آئی) اور سیکرٹ سروس نے زہریلے مواد سے آلودہ پیکیج کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

حکام کے مطابق تفتیش کاروں کا ماننا ہے کہ  زہریلے مواد سے آلودہ پیکیج کینیڈا سے بھیجا گیا ہے۔

دوسری جانب رائل کینیڈین ماونٹڈ پولیس (آر سی ایم پی) کا کہنا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کو بھیجے گئے مشکوک پیکیج کی تحقیقات کے لیے ایف بی آئی کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top