اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایک اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیکیورٹی کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔  وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات کے دوران وفاقی کابینہ کے اراکین اور دیگرحکام بھی شریک تھے۔

ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے پیدا شدہ صورتحال، خطے میں بدلتے حالات، مقبوضہ کشمیر، افغان امن عمل پر گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال، سرحدوں پر سیکورٹی، داخلی امن و امان کے امور بھی زیر غور آئے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں سبسڈی کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ سبسڈی کے معاملے میں حکومت کی ترجیحات واضح ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سبسڈیز کا مقصد مزور طبقوں کی معاونت اور سماجی ومعاشی ترقی کا فروغ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ غیر مستحق افراد کا سبسڈیز کے نظام سے فائدہ اٹھانا صرف سرکاری وسائل کا ضیاع اور مستحق افراد کی حق تلفی ہے۔ حکومتی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل عمل تجویز کے حوالے سے روڈ میپ مرتب کیا جائے

قبل ازیں‌ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں گلگت بلتستان کے انتظامی امور پر بات چیت کی گئی۔

عسکری قیادت نے کہا کہ فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھاجائے، ضرورت پڑنے پر فوج ہمیشہ سول انتظامیہ مدد کرتی رہے گی، الیکشن ریفارمز، نیب، سیاسی معاملات میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں۔

عسکری قیادت کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ریفارمز، نیب، سیاسی معاملات سیاسی قیادت نے خود دیکھنے ہیں۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top