لاہور (نیوز ڈیسک ) لیگی رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ فوج مخالف بیان دشمن کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، قیادت نے بھارت اور مودی کی زبان بولی، ایسے بیانات سے میرا اور دیگر کئی لیگی اراکین اسمبلی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق گزشتہ اتوارہوئی اے پی سے میں سابق وزیراعظم اور قائد ن لیگ نواز شریف کی جانب سے دیے گئے فوج مخالف بیانات پر ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا ہے۔

ن لیگی ایم پی اے جلیل شرق پوری نے نواز شریف کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی تقریر ملک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

ن لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ پارٹی میں بڑی تعداد میں رہنما نواز شریف اور مریم نواز کے موقف کے مخالف ہیں۔

میاں جلیل شرقپوری نے کہا کہ نواز شریف کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہئے، ملکی اداروں کے خلاف بیانات ملکی مفاد میں ہر گز نہیں ہوسکتے، نواز شریف اور مریم نواز کو اپنی سوچ بدلنا ہوگی۔

ن لیگی قیادت نے اے پی سی کے فورم اور سوشل میڈیا کے ذریعے انڈیا اور مودی کی زبان بولی۔ ایسے ملک دشمن بیانات سے میرا اور دیگر کئی ن لیگی ارکانِ کا کوئی تعلق نہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کوئی غلط بات نہیں کی، میں نواز شریف کی تقریر کے ساتھ کھڑا ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی تقریر آئین اور دستور کے عین مطابق ہے، نواز شریف کی تقریر کا ایک لفظ بھی غیر آئینی یا غیر جمہوری نہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اے پی سی سے ویڈیو لنک خطاب کے دوران حکومت اور عسکری اداروں پر شدید تنقید کی تھی۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top