کراچی: حکومت سندھ نے شہر قائد میں ایک ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے امن و امان کے پیش نظر کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے، محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی 30 روز کے لیے ہوگی تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے، بزرگ، خواتین، صحافی اور 12 سال سے کم عمر کے بچے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کراچی پولیس کی درخواست پر عائد کی گئی، کراچی پولیس نے گزشتہ روز محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ شہر میں دہشت گرد مذموم مقاصد کے لیے کارروائیاں کرسکتے ہیں لہذا ایک مہینے کے لیے ڈبل سواری پر پابندی لگائی جائے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق پابندی کے فیصلے سے امن قائم رکھنے میں مدد ملے گی، شہر میں دستی بم حملے اور دیگر وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ  کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان ڈرائیور سمیت جاں بحق ہو گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مولانا عادل کا ایک ساتھی خریداری کیلئے گاڑی سے اترا اور اسی دوران موٹر سائیکل سوار ملزموں نے فائرنگ کر دی۔

نامعلوم دہشت گرد مولانا عادل پر دائیں جانب سے حملہ آور ہوئے۔ دہشت گردوں کے آتشی اسلحہ سے نکلنے والی پانچ گولیاں مولانا عادل کو لگیں۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top