اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے تمام سرکاری مشینری کو متحرک کریں گے اور آنے والے دنوں میں ہماری اب پوری توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بجلی گیس اور ادویات کی بڑھتی قیمتوں پر بھی بحث ہوئی، وزراء نے بڑھتی مہنگائی پر ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا۔ وفاقی وزیر مراد سعید، شیخ رشید، فیصل واوڈا اور دیگر وزراء نے مہنگائی کا معاملہ اٹھایا۔ کابینہ ارکان نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو اشیاء کی دستیابی یقینی بنانا ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزرا کو مہنگائی میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع کرے گی۔ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے تمام سرکاری مشینری متحرک کریں گے۔ آنے والے دنوں میں ہماری اب پوری توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہوگی اور ساری صورتحال خود مانیٹر کررہا ہوں، دیکھتے ہیں اب مافیا کیا کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران فیصل واوڈا نے سابق حکومتی شخصیات سے مراعات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا ہ سابق صدور،گورنر،وزرائےاعلیٰ کودی گئی مراعات واپس لی جائیں یہ غیرضروری مراعات کی مستحق نہیں۔

اجلاس کے دوران شیخ رشید نے کابینہ کو خدشے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نومبر، دسمبر میں آٹا مزید مہنگا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے ادیات کیوں مہنگی ہوئیں؟ ادویات مہنگی ہونے کی وجہ سے لوگوں کی باتیں سننا پڑتی ہیں۔ اس پر معاون خصوصی فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے معاملات بہتر کرنے کا کہہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزرا کی نوک جھونک کی روایت برقرار رہی۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مضبوط ٹیم بنائیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے ندیم بابر اور عمر ایوب پر کھل کر تنقید کی اور کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے ذمہ دار آپ لوگ ہیں۔ یہاں فیصلے کچھ ہوتے ہیں اور بجلی گیس میں ریلیف نہیں ملتا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے این سی او سی کو کورونا کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز بڑھے تو اسکولز، شادی ہالز اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top