عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند میں دو جنگی ہیلی کاپٹرز ایک سرچ آپریشن میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر رہے تھے کہ ٹیکنیکل خرابی کے باعث ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔
افغانستان وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہلمند کی تحصیل ناوے میں افغان ائیر فورس کےدو Mİ-17 فوجی ہیلی کاپٹر پرواز سے فوراً بعد گِر کر تباہ ہو گئے ہیں۔
یہ سوویت یونین ساختہ ایم آئی-17 ہیلی کاپٹرز تھے اور تصادم کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں افغان فوج کے زخمی اہلکار اور ہیلی کاپٹرز کا عملہ بھی شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹرز ہلمند کے ضلع ناوا میں طالبان جنگجوؤں کے خلاف ایک فوجی آپریشن میں حصہ لینے والی کمانڈوز کی ٹیم کو دشوار گزار علاقے میں چھوڑنے اور واپس لانے کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔
ہلمند گورنر کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ چار گھنٹے سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے آپریشن میں 23 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا اور ضلع ناد علی میں تین نئی چیک پوسٹیں بھی بنائی گئی ہیں۔
تاہم عینی شاہدوں کے مطابق تحصیل ناوے میں زخمی فوجیوں کو لانے والے 2 فوجی ہیلی کاپٹر پرواز سے فوراً بعد ٹکرا گئے اور حادثے میں10 سے زائد فوجی ہلاک ہو ئے ہیں۔
دوسری جانب صوبے بغلان میں طالبان جنگجوؤں نے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 16 اہلکار ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے جب کہ حملے کے بعد طالبان افغان فوج کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں