اسلام آباد : کوسٹل ہائی وے پر سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 14 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کو شدید جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اورماڑہ میں کوسٹل ہائی وے پر سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ اس وقت ہوئی جب دہشتگردوں نے او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر حملہ کیا۔

سیکیورٹی فورسز نے حملہ ناکام بناتے ہوئے او جی ڈی سی ایل کے ملازمین کی علاقے سے بحفاظت انخلا کو یقینی بنایا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ شہدا میں سات سیکیورٹی گارڈز بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ او جی ڈی سی ایل کا قافلہ سیکیورٹی فورسز کی حفاظت پر گوادر سے کراچی جارہا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید ہونیوالے 7جوانوں کا تعلق ایف سی بلوچستان اور7سیکیورٹی گارڈز شامل ہیں، شہدا میں محمد فواد اللہ، عطااللہ، وارث خان، عبدالنافع، شاکر اللہ اور عابد حسین شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا میں لائس نائیک عبداللطیف، سپاہی محمد وارث، سپاہی عمران خان، حوالدار (ر) سمندر خان، صوبیدار عابد حسین، نائیک محمد انور، لانس نائیک افتخار احمد اور سپاہی محمد نوید شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان کی اقتصادی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کا عزم بلند ہوتا ہے۔ سیکیورٹی فورسز اپنی جانوں کا نذرانہ دے کرمادر وطن کے دفاع کےلیے پرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top