کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان اور ان کے ڈرائیور مقصود کی نماز جنازہ آج اتوار 11 اکتوبر کی صبح جامعہ فاروقيہ فيز 2حب ريور روڈ پر ادا کردی گئی ہے۔

مولاناعادل خان کی نمازجنازہ ان کے بڑے بھائی مولانا عبیداللہ خالد نے پڑھائی۔ نمازجنازہ میں سیاسی ومذہبی جماعت کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جامع کے اندر طلبہ اور اطراف میں پولیس کی سیکیورٹی تعینات کی تھی۔ مولانا عادل کو ان کے والد مولانا سلیم اللہ خان کے پہلو میں دفن کیا جائے گا

واضح رہے کہ مولانا عادل کو ڈرائیور سمیت 10 اکتوبر کی رات کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں اس وقت ٹارگٹ کلنگ میں گولیاں مار کر شہید کیا گیا، جب مولانا عادل کا ایک ساتھی خریداری کیلئے گاڑی سے اترا اور اسی دوران موٹر سائیکل سوار ملزموں نے فائرنگ کر دی۔

وہ وفاق المدارس کے سربراہ مولانا سلیم ﷲ خان کے صاحبزادے، مہتمم جامعہ فاروقیہ کراچی اور رکن مجلس عاملہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان بھی تھے۔ واقعہ کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پیچھا کرکے حملہ کيا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹيج بھی سامنے آگئی ہے۔ سامنے آنے والی فوٹیج میں ملزم کو فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ واردات کی جگہ سے 9 ایم ایم کے 5 خول بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان نے مولانا عادل خان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت پاکستان میں علما کی ٹارگٹ کلنگ سے شیعہ سنی فسادات پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اس بات سے آگاہ ہے اور میں بارہا ٹی وی پر اس خدشے کا اظہار کرچکا ہوں، گزشتہ تین ماہ کے دوران بھارت سنی اور شیعہ علما کرام کی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے ملک بھر میں فرقہ وارانہ تصادم کرانے کی کئی  کوششیں کرچکا ہے۔

عمران خان نے لکھا کہ تمام مسالک کے علما یقینی بنائیں کہ لوگ مذموم سازش کا شکار نہ ہوں، لوگ ملک کو غیرمستحکم کرنے کے لیے مذموم بھارتی سازش کا شکار نہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ کئی ماہ میں ایسی کئی کوششوں کو روکا ہے،  ہمارے انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مولانا عادل کے قاتلوں کو پکڑ لیں گے، تمام مکاتب فکر کے علما کرام اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی اس بھارتی مذموم سازش کا حصہ نہ بنیں۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top