سعودی میڈیا کے مطابق 4 اکتوبر کے بعد عمرے کی ادائیگی سے مرحلہ وار پابندی اُٹھانے کی اجازت دیدی گئی ہے جس میں صرف 6 ہزار مقامی معتمرین عمرہ ادا کرسکتے تھے تاہم اب 18 اکتوبر سے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے جس میں 2 لاکھ سے زائد مقامی معتمرین کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔
اس حوالے سے سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ کے رکن حانی العمیری نے بتایا کہ 18 اکتوبر دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ معتمرین کے علاوہ 6 لاکھ سے زائد عبادت گزاروں کو مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں زائرین کو ایپ کے ذریعے اجازت نامہ لینا ضروری ہوگا۔
حانی العمری نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے کے لیے مسجد نبوی میں روضہ مبارک کےعلاوہ مسجد نبوی کا پرانا حصہ بھی کھول دیا جائے گا۔ قبل ازیں 31 مئی سے مسجد نبوی کے صرف صحن میں نماز کی ادائیگی کی اجازت تھی۔
دوسری جانب عمرہ کی ادئیگی کے لیے تیسرے مرحلے کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا جس کے تحت غیر ملکی زائرین بھی عمرے کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
سعودی وزارت صحت کی جانب سے شوگر، ہائی بلڈپریشر، امراض قلب، جگر اور حاملہ خواتین کوعمرہ اور زیارت مؤخر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا کے باعث رواں سال حج میں بھی محدود افراد نے شرکت کی تھی جن میں مملکت میں رہائش پذیر غیرملکی اور مقامی افراد شامل تھے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں