بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے کینسر کو شکست دے دی جس کی تصدیق انہوں نے خود اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کی ہے۔
سنجے دت نے یہ خبر اپنے بچوں کی سالگرہ کے موقع پر شیئر کرتے ہوئے کہا ’’پچھلے کچھ ہفتے میرے اور میرے گھر والوں کے لیے بہت مشکل رہے۔ لیکن جیسا کہتے ہیں نا کہ خدا سب سے مشکل جنگ اپنے سب سے بہادر سپاہی کو ہی دیتا ہے، اور آج میرے بچوں کی سالگرہ کے موقع پر میں بہت خوش ہوں کہ میں اس لڑائی سے فاتح ہوکر لوٹا ہوں اور انہیں بہترین تحفہ دینے کے قابل ہواہوں، جو میں دے سکتا ہوں، وہ ہے صحت اور اپنے خاندان کی فلاح۔
سنجے دت نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا یہ سب آپ کے غیر متزلزل یقین اور تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ میں اپنی فیملی، دوستوں اور ان تمام مداحوں کا شکر گزار ہوں جو میرے ساتھ کھڑے رہے اور اس مشکل وقت میں میری طاقت بنے۔ آپ سب کی محبت، احسان اور بے شمار دعاؤں کا بے حد شکریہ، جو آپ نے میرے لیے بھیجیں۔
My heart is filled with gratitude as I share this news with all of you today. Thank you 🙏🏻 pic.twitter.com/81sGvWWpoe
— Sanjay Dutt (@duttsanjay) October 21, 2020
61 سالہ سنجے دت پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے اور انہوں نے کچھ ماہ پہلے ٹویٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو اطلاع دی تھی کہ وہ طبی مسائل کی وجہ سے سوشل میڈیا اور اپنے کام سے کچھ وقفہ لے رہے ہیں۔ تاہم اب انہوں نے یہ خوشخبری اپنے جڑواں بچوں شاہران اور اقرا کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر شئیر کی ہے۔
سنجے دت نے اپنی ڈاکٹر، ان کی ٹیم، نرسز اور ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال کے میڈیکل اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان تمام لوگوں نے پچھلے کچھ ہفتوں میں میرا بے حد خیال رکھا۔ اس خوبصورت پیغام کے ساتھ سنجے دت نے کہا یہ خبر آپ سب کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے میرا دل تشکر کے ساتھ بھر گیا ہے، شکریہ۔‘‘
سنجے دت کے دوست اجے اروڑا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’مجھے شروع دن سے یہ معلوم تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا، سنجے نے بہت محنت کی اور اب ان کی تمام تر رپورٹس ٹھیک آئی ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ہم خوشی کے ساتھ یہ کہہ سکتے ہیں کہ سنجے دت بالکل ٹھیک ہیں اور وہ اب واپس اپنا کام کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں