اسلام آباد : نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کردیا اور کہا ٹی ٹی پی کوئٹہ اور پشاور میں سیاسی اور مذہبی قائدین پر حملہ کرسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کردیا، الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گرد حملوں کی تیاری کررہی ہے ، کوئٹہ اور پشاور میں سیاسی اور مذہبی قائدین پر حملہ کیاجاسکتا ہے، دہشت گرد منصوبے میں ہائی پروفائل سیاسی شخصیت کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی شامل ہیں۔

کوئٹہ میں 25 اکتوبر کو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا جلسہ ہے جبکہ ملک بھر میں جمعہ 31 اکتوبر کو (بارہ ربیع الاول) عید میلاد النبیﷺ مذہبی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔

نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان اطلاعات پر 21 اکتوبر کو بلوچستان میں کارروائی کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنایا گیا، بلوچستان کے علاقے قمردین کاریز میں کارروائی کے دوران 8 آئی آئی ڈیز برآمد کی گئیں۔

الرٹ کے متن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی بڑھائی جائے، چاروں صوبوں،گلگت بلتستان آزادکشمیرکےچیف سیکریٹریزکواقدامات سےآگاہ کردیاگیا جبکہ دشمن ملک کا میڈیا کھلم کھلااپنے پروپیگنڈے میں ایسے ہی واقعہ کا بار بار ذکر کررہا ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ جلسے کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے، امن و امان اور استحکام کے دور میں جلسے کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں، نیکٹا ایک ذمہ دار ادارہ ہے، جس کی جانب سے جاری الرٹ کو سنجیدہ لینا چاہئے، پی ڈی ایم کی قیادت کو بھی ایسے حالات میں سوچنا چاہئے، اگر اپوزیشن عوامی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے جلسہ ملتوی کردے تو بہتر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ دو ہفتے قبل مکران کے کوسٹل حصے میں فورسز کو نشانہ بنایا گیا، الرٹ کے بغیر بھی بلوچستان کے حالات کافی سنجیدہ ہیں، پی ڈی ایم بھی کوئٹہ جلسے کی تاریخ تین بار تبدیل کرچکی ہے، پہلے 11، 18 اور پھر 25 اکتوبر کی تاریخ کی گئی۔

مشیر داخلہ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی دینا وفاق کا کام ہے وفاق الرٹ بھی جاری کرتی ہے، تھریٹ لیول کےبیس پرایڈوائزری جاری کی جاتی ہے، اگر دھمکی کا لیول اتنا ہو کہ پولیس کے علاوہ فورسز کی ضرورت ہوتو وفاق آگے آتا ہے،بلوچستان حکومت سیکیورٹی کی ڈیمانڈکریگی جس پروفاق جواب دے گا۔

خیال رہے پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ ( پی ڈی ایم ) گوجرانولہ اور کراچی میں جلسہ کر چکی ہے جبکہ پی ڈی ایم کا تیسرا جلسہ کوئٹہ میں 25 اکتوبر کو ہو گا۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top