واشنگٹن: عالمی بینک کے سابق چیف اکانومسٹ اور اوبامہ کی اکنامک کونسل کے صدر لارنس ہینری سمرز (لیری سمرز) کی جانب سے پاکستان کی کورونا کے خلاف حکمت عملی کی تعریف کی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے اپنے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے لارنس سمرز کا کہنا ہے کہ امریکہ اگر پاکستان کی طرح کورونا کے خلاف اقدامات کرتا تو 10 ٹریلین ڈالر تک بچا سکتا تھا۔

ان کا مزید بتانا تھا کہ کورونا سے متعلق امریکہ کی ناکامی تقریباٗ ناقابل تصور ہے، اگر امریکہ نے کورونا سے متعلق بروقت اقدامات کیے ہوتے تو ہمسایوں کے دس ٹریلین ڈالر کو بچایا جاسکتا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ امریکہ کو ٹیسٹنگ کی رفتار کو ہنگامی طور پر بڑھانا ہوگا۔ اس وقت شرح سود صفر ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فنڈز موجود ہیں، سب سے زیادہ خطرہ ان فنڈز کو خرچ نہ کرنے سے ہے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور ورلڈ اکنامک فورم بھی پاکستان کے کرونا کے خلاف اقدامات کو دنیا کے لیے قابل تقلید قرار دے چکے ہیں۔ 

پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے کورونا بحران کے دوران تاریخی اقدامات سے نہ صرف قیمیتی جانوں کو بچایا بلکہ عوام کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنایا۔ 

ایک ایسے وقت میں جب خطے اور دنیا میں اکثر ممالک کو تنقید کا سامنا ہے پاکستان کی کورونا حکمت عملی کی تعریف اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو کر چیلنجز کو کامیابیوں میں بدل سکتی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے بھی پاکستان کی کورونا وائرس کے خلاف کامیابی کو تسلیم کیا تھا۔

امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد کم ہو رہی ہے جبکہ بھارت میں یہ تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں حالیہ دنوں کے اندر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے موجودہ(اکٹیو) کیسز کی تعداد 20 ہزار تک رہ گئی ہے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top