ذرائع کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی کمان کوئی اور سنبھالے گا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی کپتانی کے لئے محمد رضوان اور بابراعظم کا نام زیر غور ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے اظہر علی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی سی بی کے اعلی عہدیداران اظہر علی سے خوش نہیں ہیں۔ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران اظہر علی کو کپتان رکھنے کے حق میں نہیں ہیں۔
اطلاع ہے کہ سی ای او پی سی بی وسیم خان اظہر علی سے ملاقات بھی کرچکے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی ٹیسٹ کپتان سے متعلق آئندہ دو ہفتوں میں حتمی فیصلہ کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ بابر اعظم کو صرف وائٹ بال کرکٹ کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی نے اظہر علی کو سیزن 21-2020 تک ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مصباح الحق کی پوزیشن کمزور پڑنے پر اظہر علی کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگیا، پی سی بی دورہ نیوزی لینڈ کے لیے کپتان تبدیل کرنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا ایک رائے یہ بھی ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے بعد کپتان تبدیل کیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ کوئی دباؤ نہیں تھا ٹیم پر فوکس کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اکثر بیرون ملک ہونے کے باعث دوہری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں جن کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اسی لیے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنا پڑا، کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے لیے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔
اظہرعلی کو اکتوبر 2019 میں دورہ آسٹریلیا سے قبل کپتان مقرر کیا گیا تھا اور مصباح الحق کے اختیارات کم ہونے کے بعد سے افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ٹیسٹ کے کپتان کی کار کردگی کا بھی دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
اطلاعات ہیں کہ بورڈ کےاعلیٰ عہدے دار اور کرکٹ کمیٹی کےسینیئر رکن اظہرعلی کو تبدیل کر کے نوجوان کرکٹر کو کپتانی سونپنا چاہتے ہیں۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں