اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری ملزم نواز شریف کی زمین اور ملز میں شیئرز کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں۔

نیب کے تفتیشی افسر محمد راحیل اعظم نے احتساب عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے اثاثوں کے لیے الیکشن کمیشن، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کو خطوط لکھے گئے۔

ایس ای سی پی سے پتہ چلا کہ نواز شریف کے چار کمپنیوں میں شیئرز ہیں، محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف 4 لاکھ 67 ہزار 950 شیئرز، حدیبیہ پیپر ملز میں 3لاکھ 43 ہزار 425 شیئرز، حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں 22 ہزار 213 اور اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں 48ہزار 606 شیئرز کے مالک ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس ہیں۔ ان کے 5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں، غیر ملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں۔

احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی ہے جس میں سے لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال، موضع بڈوکسانی میں 299 کنال زرعی اراضی شامل ہے۔

ایل ڈی اے ، لاہور اور شیخو پورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، مری کے اسسٹنٹ کمشنر اورگلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی رپورٹ دی، جس کے مطابق نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور، شیخو پورہ ، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادیں ہیں۔

نواز شریف مری میں بنگلہ، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپر مال لاہور میں جائیداد کے مالک ہیں۔ نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی ہے۔ اس میں لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال ،موضع بڈوکسانی میں 299 کنال زرعی اراضی ، لاہور کے موضع مال رائے ونڈ میں 103 کنال، موضع سلطان کے میں 312 کنال اراضی، ضلع شیخو پورہ کے موضع منڈیالی میں 14 کنال اور موضع فیروزوطن میں 88 کنال اراضی شامل ہے۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس لاہور اور اسلام آباد کے مطابق نواز شریف کے نام پر 3 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جس میں ایک لینڈ کروزر، 2 مرسڈیز شامل ہیں، اس کے علاوہ نواز شریف 2 ٹریکٹرز کے بھی مالک ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت راولپنڈی نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جب کہ نیب کی جانب سے نواز شریف کی جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئی تھیں۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top