واشنگٹن ڈی سی: کورونا وائرس سے متاثر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئیں، بخار، سردرد اور تھکاوٹ کی شکایت پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ٹرمپ کو بذریعہ ہیلی کاپٹر والٹر ریڈ ملٹری اسپتال لے جایا گیا۔ اسپتال منتقلی کے وقت وہ چہرے پر بڑا سا کالاماسک لگا کر خود چلتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوئے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تمام ایونٹ عارضی طورپر ملتوی یا ورچوئل کردیے گئے ہیں جب کہ خاتون اول کے ایونٹس بھی ملتوی کردیے گئے ہیں، صدر کو آئندہ چند روز ملٹری اسپتال میں ہی رہنا پڑے گا جہاں سے وہ صدارتی امور بھی انجام دیتے رہیں گے۔

ڈاکٹرز نے چوہتر سالہ ٹرمپ کو اسپتال منتقل ہونے پر رضامند کیا تاکہ اگر کسی بھی قسم کی ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہو تو وہ ٹرمپ کو فوری مل سکے۔ ٹرمپ کو اینٹی باڈیز کا تجرباتی انجیکشن لگا دیا گیا ہے۔  پولی کلونل اینٹی باڈی کاکٹیل کی 8 گرام ڈوز دی گئی ہے، صدر ٹرمپ تھکاوٹ کا شکار ہیں تاہم اینٹی باڈیز دیے جانے کے موقع پر انہوں نے تامل نہیں کیا، انہیں وٹامن ڈی،ایسپرین، فیموٹائی ڈین اور میلاٹونین بھی دی جارہی ہیں۔

ٹرمپ مہینوں کورونا کے خطرات کو کم بتاتے رہے ہیں۔ ٹرمپ سمیت ان کے سپورٹرز انتخابی ریلیوں میں بھی سماجی فاصلے کے اصولوں کو نظر انداز کرتے رہے ہیں۔

پہلے صدارتی مباحثہ میں ٹرمپ نے ماسک پہننے پر جو بائیڈن کا مذاق اڑایا تھا۔

ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔ جو بائیڈن نے ٹرمپ اور میلانیہ ٹرمپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں۔ اب سب کو خطرناک کورونا کو سنجیدہ لینا ہوگا۔

امریکی نائب صدر مائیک پینس اور ان کی اہلیہ کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اگر ٹرمپ کی حالت زیادہ بگڑتی ہے تو مائیک پینس امور حکومت سنبھال لیں گے اور وہ وائٹ ہاؤس سے کچھ فاصلے پر موجود اپنے گھر سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

جمعرات کو ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا میں کورونا کی وبا ختم ہورہی ہے لیکن اس کے چند گھنٹوں بعد ہی ٹرمپ نے ٹویٹ کیا تھا کہ وہ بھی ان ستر لاکھ امریکیوں میں شامل ہوگئے ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

یہ وہی کورونا ہے جس امریکا میں اب تک دو لاکھ سات ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر کا کہنا ہےکہ صدر ٹرمپ کو آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے جب کہ  چیف آف اسٹاف مارک میڈوز نے توقع ظاہر کی کہ صدر ٹرمپ جلد مکمل صحت یاب ہوجائیں گے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top