ریاض: سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے کرپشن کے الزام میں فوجی اتحاد کے کمانڈر اور ان کے بیٹے کو عہدے سے برطرف کردیا۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق شاہ سلمان بن عبد العزیز نے شاہی فرمان کے مطابق جنرل اسٹاف کے نائب چیف لیفٹیننٹ جنرل مطلق بن سلیم بن مطلق العظیمہ کو شہزادہ فہد کی جگہ مشترکہ افواج کے کمانڈر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔
شہزادہ فہد کے بیٹے اور الجوف خطے کے نائب گورنر شہزادہ عبدالعزیز بن فہد کو بھی ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حکم پر وزارت دفاع میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں جس کے دوران شہزادہ فہد سمیت متعدد فوجی اور سرکاری افسران کی برطرفیاں کرتے ہوئے انہیں شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے 2017 میں بھی انسداد بدعنوانی مہم کے دوران شاہی خاندان کے درجنوں شہزداوں، وزراء اور امرا کو نظر بند کردیا تھا۔
سعودی عرب نے یمن میں حوثی باغیوں کی سرکوبی کے لیے 2015 میں اسلامی فوجی اتحاد تشکیل دیا تھا جس کے کمانڈر ان چیف جنرل راحیل شریف ہیں۔
Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں