لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نوازشریف 10 ستمبر تک آجائیں گے تو ان کی سیاست میں بہتری آ سکتی ہے ورنہ ش لیگ ن لیگ سے الگ ہوجائے گی۔

محکمہ ریلوے کی میٹنگ کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف واپس آجاتا ہے تو اسکی سیاست بہتر ہوسکتی ہے ورنہ ن لیگ متحد نہیں رہے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ مریم نواز کے ساتھ ہے لیکن ش لیگ نہیں ہے۔ ش لیگ مریم کے ساتھ عدالت میں نہیں گئی۔ مریم کو جب یقین ہوا کہ باہر نہیں جاسکتی تو پتھراؤ کیا گیا۔  پتھراؤ والی پارٹی ، بات چیت والی پارٹی کے ساتھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنا مرضی چھپا لیں پتھراؤ والی پارٹی مذاکرات والی پارٹی کے ساتھ چلنے پر تیار نہیں ہے۔

اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ استعفے نہیں دیں گی، اپوزیشن دھرنوں کی سیاست نہیں کر سکتی ، جلسہ، جلوس کھیل سکتی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اے پی سی ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی کیونکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی والے استعفے نہیں دیں گے، دونوں پارٹیاں فضل الرحمان کو کوئی تحریر بھی دینے پر تیار نہیں ہیں کیونکہ وہ مذاکرات کا دروازہ بند کرنا نہیں چاہتیں۔

وزیراعظم کے دورہ کراچی پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج کا دن پاکستانی سیاست میں تبدیلی لاسکتا ہے۔

وزیرریلوے نے کہا کہ عمران خان کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے 5سال پورے کریں گے۔

ریلوے کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اس محکمے کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رواں سال کی اچھی خبر ایم ایل ون منصوبہ اور دوسری خوشخبری کے سی آر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے سی آر ٹریک کو ڈبل کیاجائے گا اور کراچی سرکلر ریلوے کا سنگل ٹریک بچھائیں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رواں ماہ پنجہ صاحب ریلوے اسٹیشن شروع ہوجائے گی۔



Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top