اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کل کراچی کے دورے پر پہنچ رہے ہیں ، دورے کے دوران عمران خان کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کااعلان کریں گے۔

کراچی میں نالوں کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب کے مسائل کے حل اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اہم اعلانات بھی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کادورہ بھی کریں گے اور صنعتکاروں،تاجروں سےملاقات کریں گے جبکہ وزیر اعظم کی اتحادی جماعتوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاق اپنا کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے اور عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔

مسائل کو مستقل طور پر حل کرنے کیلئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے اور وزیراعظم نے اس پلان کو حتمی شکل دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

کراچی میں سیوریج، نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جامع پلان تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ تشکیل دیا گیا جس پر وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کام کریں گے۔

گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے  کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس میں کہا تھا کہ حالیہ بارشوں نےانتظامی ڈھانچے کے مسائل کو اجاگر کیا ہے ، انتظامی ڈھانچے نے کراچی کےعوام کو بےتحاشامسائل سے دوچار کیاہے، کراچی کےعوام کے مسائل کا وفاقی حکومت کو مکمل ادراک ہے۔

عمران خان  کا کہنا تھا کہ بااختیار اور موثر نظام کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کیلئے ضروری ہے، کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منقسم ہونا رہا ہے، اس امر کی بارہا وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے نشاندہی کی جاتی رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کےحالات کا تقاضا ہے اختیارات بااختیار ایڈمنسٹریٹر کو تفویض کیے جائیں، سیوریج ،سالڈویسٹ ،بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اختیارات ایڈمنسٹریٹرکے پاس ہونے چاہئیں۔




Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top