اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف قوانین ہر صورت منظور کروائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں اہم آئینی، قانونی اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ بابر اعوان نے وزیراعظم کو ایف اے ٹی ایف کے اہداف کی روشنی میں کی جانے والی قانون سازی سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے پیر سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور عوامی مفاد کی قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مکمل توجہ معاشی اور سماجی حالات کی بہتری پر مرکوز کر رکھی ہے۔ ایف اے ٹی ایف قوانین ہر صورت منظور کروائیں گے۔
بابر اعوان نے وزیراعظم کو بتایا کہ عوامی ریلیف کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج مل رہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر کے عوام کو ریلیف دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے دیئے گئے اہداف کی روشنی میں حکومت نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020 منظور کرایا تھا تاہم اسے سینیٹ میں منظوری نہیں مل سکی تھی۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں