مناما: سعودی عرب کے بعد ایک اور عرب ریاست، بحرین نے بھی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) آنے والی اسرائیلی پروازوں کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بحرین نے بھی اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب نے بھی اسرائیلی پروازوں کو اپنی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق بحرین نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ‘متحدہ عرب امارات سے آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو فضائی راستہ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی'۔ یہ بیان بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی (بی این اے) کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں سعودی عرب ہی کی طرح اسرائیل کا نام استعمال نہیں کیا گیا تھا۔

بحرین حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو فضائی راستہ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس بیان میں اسرائیل کو استثنیٰ نہیں دیا گیا جب کہ اس سے قبل ایسے بیانات میں اسرائیل کو مستثنیٰ قرار دیا جاتا تھا۔

بحرین ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی پروازوں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت متحدہ عرب امارات کی جانب سے درخواست کے باعث کیا گیا ہے۔ جس میں استدعا کی گئی تھی کہ اسرائیل سے یو اے ای آنے والی پروازوں کو بحرین اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دے۔

خیال رہے کہ بحرین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پروازیں قطر کے شمالی فضائی راستے سے گزرتی ہیں کیوں کہ دوحہ نے ان ممالک کی جانب سے بائیکاٹ کیے جانے کے بعد مذکورہ ممالک کے لیے فضائی حدود بند کردی تھیں۔





Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top