اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے کربلا کی طرح کشمیر کو معرکہ حق و باطل کی مثال بنادیا۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم عاشور پر پیغام میں کہا کہ آج مسلمان حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یاد تازہ کررہے ہیں، جذبہ شبیریؓ ایمان و یقین، سچائی، اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے، راہ حق میں ہر پریشانی خندہ پیشانی سے قبول کرنا اسوہ حسینؓ کا پیغام ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانی ہمیں تین اہم پیغامات دیتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلامی اقدار کے لیے کسی قربانی کو راہ خدا میں نچھاور کردینا ہی کامیابی ہے، جذبہ قربانی سے ہم اپنے وطن اور اقوام عالم میں قابل ذکر کردار ادا کرسکتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ دوام انہیں ملتا ہے جو ناانصاٖفی کے خلاف جانوں کی عظیم قربانی دیتے ہیں،محض امیر،طاقتور اور تعلیم یافتہ بننے سے دوام نہیں ملتا،تاریخ میں بہت سےمسلمانوں کو واقعہ کربلا سے ترغیب ملی۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں نبردآزما کشمیریوں کو واقعہ کربلا سے سبق لینا چاہیے،واقعہ کربلا کی طرح ظلم کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیریوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا، کشمیریوں نے کربلا کی طرح کشمیر کو معرکہ حق و باطل کی عظیم مثال بنادیا۔




Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top