اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں آٹے اور چینی کی قیمتیں بڑھنے نہیں دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کراچی کی صورتحال اور امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی جبکہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر پر وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں کچرے، نکاسی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کریں گے، دو دن بعد کراچی جا کر خود حالات کا جائزہ لوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ آٹے اور چینی کی قیمتیں نہیں بڑھنے دیں گے، گندم کی بڑی کھیپ پہنچ گئی ہے اور ملک بھر میں تقسیم ہوگی، چینی بھی درآمد کی جا رہی ہے، زخیرہ اندوزی سے بچنے کے لئے گندم اور چینی پاکستان ریلویز کے ذریعے سپلائی کی جائے گی۔
اجلاس میں کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تعیناتیوں، مارگلہ روڈ پر قائم تجاوزات اور ملک کے بڑے ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ نیپرا اور سٹیٹ آف انڈسٹری کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی جبکہ بڑے شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔
شرکا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے پر وزیراعظم کے فیصلہ کی تعریف کی جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اضافی بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں