اسلام آباد: پاکستان ائیر فورس (پی اے ایف) نے لاہور،اسلام آباد موٹر وے پر لینڈنگ کی مشق کی جس میں مختلف لڑاکا ااور تربیتی طیاروں نے حصہ لیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے لڑاکا اور تربیتی طیاروں نے مشق میں حصہ لیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مراد سعید تھے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ باقاعدگی سے موٹروے پر لینڈنگ کی مشقوں کا انعقاد کرتی رہتی ہے اور اس مشق کا مقصد پاک فضائیہ کے ہوابازوں کو سڑکوں کو بطور رن وے استعمال کرنے کی تربیت دینا ہے۔

پاکستان ایئر فورس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بدھ کو فضائیہ کے مختلف سکواڈرن سے تعلق رکھنے والے لڑاکا اور تربیتی طیاروں نے اس مشق میں حصہ لیا۔

جنگی طیاروں نے موٹروے پر لینڈنگ کے بعد اپنی ایئر بیسز پر واپسی سے پہلے ری فیولنگ بھی کی۔

 تقریب کے مہمان خصوصی مراد سعید کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بناء پر قوم کیلئے سرمایہ افتخار ہے۔

وفاقی وزیرنے گزشتہ سال 27 فروری کو دشمن کو بھرپور جواب دینے اور قوم کی توقعات پر پورا اترنے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ائیر وائس مارشل ظفر اسلم نے مختلف اداروں بالخصوص نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹروے پولیس کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو سراہا جنہوں نے ان مشقوں کے انعقاد کے سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ 

بیان کے مطابق اس مشق کا بنیادی مقصد جنگی حالات میں ملک کی وسیع و عریض سڑکوں کے جال کو بطور رن وے استعمال کرتے ہوئے حربی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے فضائیہ کے لڑاکا ہوابازوں کو تربیت کی فراہمی تھی۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top