وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے نواز شریف نے لندن کے جس سفارتخانے میں خفیہ ملاقات کی انہیں اس کا جواب دینا پڑےگا۔

معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ اب پاکستان مخالف کوئی پروپیگنڈا نہیں چلے گا، ن لیگ کا ووٹر ہو یا کسی اور پارٹی کا، سارے پاکستانی سب فوج سے محبت کرتے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے الزام لگایاکہ نواز شریف کے بیٹے نے ایک ہوٹل میں بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے بھیجے ہوئے تین افراد سے ملاقات کی ان کے نام بھی موجود ہیں، پچھلے منگل کو نواز شریف نے خود لندن میں ایک سفارت خانے میں جا کرخفیہ ملاقات کی، انہیں ملک سے غداری کا جواب دینا پڑے گا۔

دوسری جانب مشیر برائے داخلہ و احتساب مرزا شہزاد اکبر نے بھی ن لیگ کے لاہور کے جلسے کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلاپ شو نے نواز شریف کی ہاری ہوئی سیاست کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

شہباز اکبر کا کہنا تھا کہ زندہ دلان لاہور نے مودی کے یار کی سیاست مسترد کر دی، مسلم لیگ میاں صاحب کی ضدی اولاد کے جرائم کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top