صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا 6 ستمبر2020 ء یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہمیں افواج پاکستان اور قوم کے اس جذبے اور بہادری کی یاددلاتا ہے جس کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے پچپن سال قبل آج کے دن دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملادیا تھا۔

اس دن ہماری برَی،بحری اورفضائی افواج نے مثالی جراتمندی اورپیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کوہر محاذپر شکست دی۔آزمائش کے ان لمحات میں نہ صرف افواجِ پاکستان بہادری سے لڑی بلکہ قوم کا ہرفرداور ہرطبقہ وطن کا محافظ بن گیا تھا۔

آج کے دن پوری قوم شہداءِ وطن کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کے جذبہ استقلال کوبھی خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کی حفاظت اور سلامتی کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانی دی۔

جذبہ 6 ستمبر، 1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے اورمیں بڑے فخرسے کہہ سکتا ہوں کہ اس کی بدولت ہم بہت سے امتحانوں میں سرخرو ہوئے ہیں۔

الحمد اللہ،ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت،جنگی تیاری، اورسب سے بڑھ کرجذبہ ایمانی نے آج پاکستان کوناقابل تسخیربنادیا ہے۔مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ دفاعی میدان میں ہم خودانحصاری کی منزل حاصل کرچکے ہیں۔

ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک کے اندرونی استحکام اورتعمیروترقی میں بھی بھرپورکردارادا کررہی ہیں۔ ہم نے خطے کے امن اورسلامتی کیلئے بھی مثبت اورسنجیدہ کوششیں کی ہیں مگربدقسمتی سے ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے۔

وہ ہمارے اندرونی استحکام کونقصان پہنچانے کی خفیہ سازشوں میں بھی ملوث ہے۔اس کا یہ جارحانہ رویہ خطے کے امن اوراستحکام کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے۔تاہم ہماری پالیسی اٹل اورواضح ہے۔

ہم اپنے دفاع اورسلامتی پرہرگزسمجھوتا نہیں کریں گے اوردشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔

آج ہم اپنے اس عہد کی بھی تجدید کرتے ہیں کہ ہم  کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھیں گے اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔

امتحانات اورآزمائشوں میں حوصلے اورجرأتمندی کا مظاہرہ کرنے والی اقوام مضبوط سے مضبوط ترہوتی چلی جاتی ہیں۔

ہم نے بیرونی جارحیت کوشکست دی،دہشتگردی اورانتہاپسندی پرکامیابی سے قابوپایا اوراب ہم معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔میں آخرمیں ایک مرتبہ پھرمادروطن پراپنی جانیں نچھاورکرنے والے عظیم ہیروز کوسلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔

آیئے،آج کے دن ہم سب یہ عہد کریں کہ ہم اپنے دلوں میں جذبہ ستمبربیداررکھتے ہوئے اپنے وطن کی سلامتی،تحفظ اورخوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

افواج پاکستان زندہ باد
پاکستان پائندہ باد




Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top