بیجنگ: چین نے بھارتی شہریوں کے اغوا کے مودی حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست ارونا چل تبت کا جنوبی علاقہ ہے جس پر انڈیا قابض ہے۔ 

روزنامہ گلوبل ٹائم کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ میں ایک نیوز کانفرنس میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے زور دے کر کہا کہ چین نے کبھی بھی بھارت کی جانب سے دیے گئے نام نہاد نام اروناچل پردیش کو تسلیم نہیں کیا، یہ سرزمین چین کے جنوبی تبت خطے کا حصہ ہے بھارت کا نام نہاد صوبہ نہیں۔

چین کی جانب سے یہ دوٹوک موقف اس وقت سامنے آیا جب ترجمان وزارت خارجہ ژاؤ لیجیان سے نیوز بریفنگ کے دوران چینی فوج پر 5 بھارتی شہریوں کے اغوا کے الزام سے متعلق سوال پوچھا گیا تھا جس کی چینی ترجمان نے سخت الفاظ میں نہ صرف تردید کی بلکہ ارونا چل پردیش کا چین کا حصہ ہونے کا دعویٰ بھی دہرایا۔

ژاؤ لیجیان نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے اروناچل پردیش سے لاپتہ ہونے والے 5 بھارتیوں کے بارے میں پیپلز لبریشن آرمی کو پیغام بھیجا ہے تاہم چین نے اس حوالے سے کوئی پیشرفت ہونے تک تفصیلات جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔



Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top