راولپنڈی: سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بورڈ میں اہم عہدے کے لیے رابطہ کرنے کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق لیجنڈی فاسٹ بولر شعیب اختر نے تصدیق کی ہے کہ پی سی بی نے ایک اہم کردار کے لیے ان سے رجوع کیا ہے، امکان ہے کہ وہ چیف سلیکٹر کا عہدہ ہوگا۔
شعیب اختر نے بتایا کہ پی سی بی کے ساتھ بات چیت جاری ہے کیونکہ وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں چیف سلیکٹر بنائے جانے کے سوال پر شعیب اختر نے کہاکہ میں اس کی تردید نہیں کروں گا، میری بورڈ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں بتا سکتا تاہم ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
انھوں نے کہاکہ میں ایک آرام دہ زندگی گزار رہا ہوں،کرکٹ بھی اپنی شرائط پر کھیلی،میں پاکستان کیلیے جارح مزاج اور بے خوف انداز میں کھیلنے والے کرکٹرز کا پول تیار کرنا چاہتا ہوں، اس کیلیے آرام چھوڑ کر آگ سے کھیلنے کیلیے تیار ہوں،مجھے پیسے یا نوکری کی لالچ نہیں،اس کام میں کسی کی طرف سے تجویز آئی تو سنوں گا، مطلوبہ نتائج کیلیے اپنی ذمہ داری کو وقت بھی دوں گا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح دہری ذمہ داری قبول کرنے کے بعد سے تنقید کی زد میں ہیں اور ان کے دور میں ٹیم کی کارکردگی بھی تسلی بخش نہیں ہے جس کی وجہ سے مصباح پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں