تصویر بشکریہ ٹویٹر اکاؤنٹ آف وزیر اعظم آفس، پاکستان
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ آخر کار ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، اس دن کا انتظار افغان عوام کئی سالوں سے کر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں 12 ستمبر 2020 کو انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز سے متعلق اس اعلان کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہوں۔ آخر کار ، ہماری مشترکہ کاوشوں نے اس دن کو جنم دیا جس کے لئے افغان عوام تڑپ رہے ہیں۔ پاکستان نے بھی افغان تنازعات کا خمیازہ بھگتا، دہشت گردی، قیمتی جانوں کا ضیاع اور بھاری معاشی نقصان اٹھایا گیا۔

انھوں نے بیان میں کہا کہ اب ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئی ہیں، انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے، افغان عوام کئی برسوں سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے، میں روز اوّل سے کہہ رہا ہوں کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، واحد راستہ مذاکرات اور سیاسی تصفیہ ہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا پاکستان نے افغان امن عمل کو آسان بنانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے، اپنے حصے کی ذمہ داری کو پورا کرنے پر ہم خوشی محسوس کر رہے ہیں، اب افغان رہنما اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انھوں نے کہا افغان قیادت مل کر تعمیری انداز میں کام کریں، کوشش کریں کہ وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیے کو محفوظ بنایا جا سکے، افغان حکام کی زیر قیادت یہ مفاہمتی عمل افغانستان، علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا ہم امید کرتے ہیں تمام فریق اپنے اپنے وعدوں کا احترام کریں گے، فریقین کو تمام چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدم رہنا ہوگا، ہم مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے بلا جھجک پُر عزم رہیں گے، پاکستان امن اور ترقی کے اس نتیجہ خیز سفر میں اپنا کردار ادا کرے گا، ہم افغان عوام کے ساتھ مکمل حمایت اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔




Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top