راولپنڈی: جی کیو راولپنڈی میں یوم دفاع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا لازوال باب ہے، یہ دِن 1948، 1965، 1971، کارگل کی جنگ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے شہیدوں کی یاد میں مناتے ہے۔ وہ دن جب محبت، قربانی اور بہادری کی داستانیں رقم ہوئیں، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اگر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دُشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی دُشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کررہے ہیں۔ اسی لیے آج ہم اپنے شہداء اور غازیو ں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ اُن کی جرات،بہادری اور قربانیوں کی بدولت ہماری آزادی، خود مختاری، امن و سلامتی قائم ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں اُنھیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم اُن کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں اور جو قومیں اپنے ہیرو کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں مِٹ جایا کرتی ہیں۔ یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہر قدم پے آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ پوری قوم آپ کے صبر اور قربانی کی مقروض ہے۔ جس طرح شہداء پوری قوم کا فخر ہیں، اسی طرح آپ بھی ہمارا فخر ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ تقریب میں اعزازات حاصل کر نے والے آفیسرز، جونئیر کمیشنڈ آفیسرز اور جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پاکستان فوج کی اعلیٰ روائت کو مقدم رکھتے ہوئے جس پیشہ ورانہ معیار کا ثبوت دیا ہے، ہم سب کو آپ پر ناز ہے۔ آپ کے سینوں پر سجائے جانے والے میڈل، نہ صرف آپ بلکہ ہم سب کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔ مملکت ِ پاکستان اور عظیم پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے۔ اسی بنیاد پے ہم نے آزادی حاصل کی اور یہی ہمارے آج اور کل کی پہچان ہے۔ ہمارے دشمن اس شناخت کو مٹانے کے لیے لگاتا ر سازشوں کا جا ل بُنتے آئے ہیں لیکن الحمداللہ افواجِ پاکستان اور قوم نے جذبہ ایمانی سے سر شار ہو کر ان کی ہر چال کو ناکام بنایا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ اُن کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں، جو قومیں اپنے ہیرو کو بھول جاتی ہیں وہ مِٹ جایا کرتی ہیں۔ پوری قوم آپ کے صبر اور قربانی کی مقروض ہے۔ جس طرح شہدا پوری قوم کا فخر ہیں، اسی طرح آپ بھی ہمارا فخرہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا میری بہنوں اور بھائیوں کی توجہ ایک اور چیلنج کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں، یہ چیلنج ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر مسلط کیا گیا ہے، اس چیلنج کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بد نام کر کے انتشار پھیلانا ہے، لیکن ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں، قوم کے تعاون سے اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم ان شاء اللہ ضرور کامیاب رہیں گے۔
آرمی چیف نے متنبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ہم کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے، ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا، نہ ہی ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز ہو سکتی ہے، افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں، ہم دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کو تیار ہیں، وقت ہمیں کئی بار آزما چکا، ہم ہر بار سرخرو ہوئے ہیں۔
اس تقریب میں شہدا کے لواحقین، غازیوں، سینئر فوجی افسران اور جوانوں نے شرکت کی، جس میں مختلف آپریشنز میں کار ہائے نمایاں انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں 40 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)، 24 افسران اور جوانوں کو تمغہ بسالت اور ایک جوان کو اقوام متحدہ (یو این) میڈل دیا گیا جبکہ شہدا کو دیے جانے والے اعزازات ان کے لواحقین نے وصول کیے۔
Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں