قوم کی پہچان امیر لوگوں کے نہیں، غریب طبقے کے طرز زندگی سے ہوتی ہے: عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ترلائی میں ماڈل پناہ گاہ کا دورہ کیا، انھوں نے پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا اور وہاں مقیم افراد سے بات چیت کی۔

نجی نیوز کے مطابق آج اسلام آباد میں ترلائی کے علاقے ڈماڈل میں پہلا پروٹو ٹائپ شیلٹر مکمل ہو گیا ہے، وزیر اعظم نے شیلٹر ہوم کا دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا، اور پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔


وزیر اعظم عمران خان نے پناہ گاہوں کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی پہچان امیر لوگوں کے طرز زندگی سے نہیں ہوتی، قوم اپنے غریب طبقے کے طرز زندگی سے پہچانی جاتی ہے، مہذب معاشروں کا تصور صرف امیر ہونے میں نہیں، دیکھا جاتا ہے کہ قوم غریبوں اور کم زوروں کو کیسے تحفظ دیتی ہے۔

گزشتہ ماہ وزیر اعظم کی اسلام آباد میں قائم پناہ گاہوں کو ماڈل پناہ گاہ بنانے کی ہدایت کے بعد یہ پہلا شیلٹر ہوم ہے جو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں بہتر انفرا اسٹرکچر، کیٹرنگ اور رہائشی معیار کے ساتھ دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے معیاری خدمات انجام دے رہا ہے۔

آئندہ تین ماہ میں وفاقی دارالحکومت کی تمام 5 پناہ گاہوں کو ری ماڈل کیا جائے گا اور بعد میں بتدریج پورے ملک میں پناہ گاہوں کو ری ماڈلڈ پناہ گاہوں میں تبدیل کیا جائے گا۔



Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top