اسلام آباد: احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں  قومی احتساب بیورو (نیب) کو  سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی گاڑیاں منجمد کرنے کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق  احتساب عدالت نے چیئرمین نیب کے گاڑیاں منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق بھی کر دی ہے، چیئرمین نیب نے زرداری کی تین ، نواز شریف کی ایک گاڑی منجمد کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ 

نیب نے احتساب عدالت میں مؤقف پیش کیا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے غیر قانونی طور پر توشہ خانے سے گاڑیاں لیں۔  احتساب عدالت کے جج اصغرعلی نے نیب کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے نیب کو آصف  زرداری اور نواز شریف کی گاڑیاں منجمد کرنے کی اجازت دے دی۔

گزشتہ روز توشہ خانہ ریفرنس میںاحتساب عدالت کے جج سید اصغرعلی نے کیس کی سماعت کی تھی اور آصف علی زرداری ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے تھے۔

کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے اعلان کیا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، عبد الغنی مجید اور انور مجید پر9 ستمبر کو فرد جرم عائد ہوگی، جب کہ نوازشریف کے متعلق فیصلہ 25 اگست کو کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف پر توشہ خانے سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے۔

 نیب نے سابق صدر آصف زرداری ، اورسابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے،  اور چئیرمین نیب نے گاڑیاں منجمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جب کہ گاڑیاں منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق کے لئے نیب نے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا تھا۔


Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top