لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر اور ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کیلئے نئی کوچنگ لائن اپ کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بلے باز محمد یوسف کو ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ تعینات کر دیا ہے۔
محمد یوسف کے علاوہ سابق وکٹ کیپر عتیق الزمان اور فاسٹ بولر محمد زاہد بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
کرکٹ بورڈ نے عبدالرزاق، اعزاز چیمہ، باسط علی اور فیصل اقبال کو بھی ایسوسی ایشنز کا کوچ مقرر کیا ہے جب کہ غلا م علی، ہمایوں فرحت، عرفان فاضل اور ظفر اقبال کی بھی تقرریاں کر دی ہیں۔
عبد الرزاق خیبر پختونخوا اور باسط علی سندھ کے کوچ ہوں گے، فیصل اقبال بلوچستان اور شاہد انور سینٹرل پنجاب کی کوچنگ کریں گے۔
کرکٹ بورڈ اعلامیے کے مطابق صوبائی ایسوسی ایشنز کے کوچز مصباح الحق کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 6 کے لیے 36 کوچز کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ کوچز قائداعظم ٹرافی (چار روزہ فرسٹ کلاس اور تین روزہ نان فرسٹ کلاس)، قومی ٹی ٹوئنٹی کپ (فرسٹ اور سیکنڈ الیون)، پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ (فرسٹ اور سیکنڈ الیون) اور قومی انڈر19 ٹورنامنٹ (تین روزہ اور ایک روزہ کرکٹ) میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
ایسوسی ایشنزکے لیے اعلان کردہ کوچز میں شامل نام مندرجہ ذیل ہیں:
عبدالرزاق (46 ٹیسٹ، 265 ایک روزہ اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچز)، اعزاز چیمہ (7 ٹیسٹ، 14 ایک روزہ اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز)، باسط علی (19 ٹیسٹ اور 50 ایک روزہ میچز)، فیصل اقبال (26 ٹیسٹ اور 18 ایک روزہ میچز)، غلام علی (تین ایک روزہ اور 167 فرسٹ کلاس میچز)، ہمایوں فرحت (ایک ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ میچز)، عرفان فاضل (ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ)، ظفر اقبال (8 ایک روزہ میچز)۔
ان ناموں کے علاوہ فرسٹ کلاس کرکٹرز آفتاب خان، اسلم قریشی، فہد مسعود، حبیب بلوچ، حافظ ماجد جہانگیر، حنیف ملک اور محمد صادق بھی کوچنگ لائن اپ میں شامل ہیں۔
ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے لیے جن کوچز کے معاہدے میں توسیع کی گئی ہے، ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں:
عبدالرحمٰن، اکرم رضا، بلال احمد، فہد اکرم، حسین کھوسہ، اقبال امام، کامران خان، مظہر دیناری، محمد مسرور، محمد وسیم، رفعت اللہ مہمند، سعید انور جونیئر، سجاداکبر، سمیع اللہ نیازی، ثاقب فقیر، شاہد انور، شعیب خان، طاہر محمود، تنویر شوکت، وسیم حیدر اور ظہور الہیٰ۔
جن ڈومیسٹک کوچز کا کنٹریکٹ رینیو نہیں کیا گیا، ان کے نام یہ ہیں: ارشد خان، راج ہنس(بلوچستان)، اعجاز احمد جونیئر اور نوید انجم (سنٹرل پنجاب)، کبیر خان اور ساجد شاہ(خیبرپختونخوا)، منظور الہٰی اور طاہر محمود (ناردرن)، اعظم خان، توصیف احمد، شوکت مرزا (سندھ) اورجاوید حیات (سدرن پنجاب)۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں، جیسا کہ: عبدالمجید اور منصور رانا(قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اور منیجر)، محسن کمال (ریلیز کردیا گیا) اورمہتشم رشید (انڈر 19 ٹیم کے اسپورٹ اسٹاف میں شامل)۔
پی سی بی کے مطابق نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھی چند تبدیلیاں کی گئی ہیں، منصور رانا کو قومی ٹیم کا مینیجر اور عبد المجید کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے جب کہ محسن کمال کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے تمام کوچز کو خوش آمدید کہا جب کہ ہائی پرفارمنس سینٹر کے ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ کوچز کی تعیناتی 360 ڈگری سے کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کی گئی، نئی تقرریوں سے کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں