وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ہر خاندان کےلئےصحت انصاف کارڈ کے پروگرام کا اجراء کردیا۔

خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کارڈ کا حامل خاندان سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں دس لاکھ روپے تک مفت علاج کرا سکے گا۔ صحت انصاف کارڈکی فراہمی کے پہلے مرحلے سے 40فیصد آبادی مستفید ہو رہی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا گیا تاکہ ہر خاندان مستفید ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ کے پی پہلا صوبہ ہے جہاں صحت انصاف کارڈ دیا جا رہا ہے۔ صوبے کے ہر خاندان کو 10لاکھ  تک علاج کی سہولت میسرہوگی۔جب غریبوں کے لئے کام کیا جاتا ہے تو اللہ برکت ڈالتا ہے۔ ہیلتھ انشورنس دینے سے ہیلتھ سیکٹر میں بہتری آئےگی۔

یاد رہے کے پی حکومت کے 60 لاکھ خاندانوں کے لیے مکمل میڈیکل کوریج کے انتظامات مکمل ہو گئے، اس سلسلے میں خیبر پختون خوا حکومت اور اسٹیٹ لائف انشورنس میں معاہدہ بھی ہو چکا ہے۔

مفاہمتی یادداشت پر ہوم ورک مکمل ہونے کے بعد اب اس معاہدے پر دستخط کل ہوں گے، معاہدے کے تحت کے پی حکومت 5 سال میں 8 ارب روپے فراہم کرے گی، میڈیکل کوریج 10 لاکھ روپے تک طبی سہولتوں کا احاطہ کرے گا۔

واضح رہے کہ فروری میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ریاست مدینہ کے اصولوں کے تحت پاکستان کو عظیم فلاحی ریاست بنایا جائے گا، اس سلسلے میں خیبر پختون خوا میں پہلی بار صحت انشورنس کا نظام لایا گیا ہے۔

اس سے قبل پنجاب میں صحت سہولت کارڈ بھی تقسیم کیے جا چکے ہیں، اس پروگرام کے تحت پنجاب میں 50 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کیے گئے۔


Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top