تہران: ایران نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے بحری جہاز کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر تحویل میں لے لیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی کوسٹ گارڈ نے ایران کے دو مچھیروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور اسی روز ایران نے متحدہ عرب امارات کے بحری جہاز کو بھی قبضے میں لے لیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اماراتی بحری جہاز کو سرحد کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیا گیا ہے، مذکورہ کشتی ایرانی پانیوں میں داخل ہوگئی تھی جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ جہاز کا عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے کوسٹ گارڈ کی فائرنگ سے دو ایرانی مچھیروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ایک خط کے ذریعے امداد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ واقعے پر ایران نے تہران میں موجود متحدہ عرب امارات کے سفارتی حکام کو بھی طلب کیا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا تھا جس پر ایران نے سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے معاہدے کو فلسطینی عوام سے غداری قرار دیا تھا۔

بعدازاں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے کہا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے متحدہ عرب امارات کا معاہدہ ایک  خود مختار فیصلہ  تھا اور اس کا ایران سے کوئی لینا دینا نہیں۔



Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top