کراچی: پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ ہم نے کراچی کی ترقی کیلئے ایک کڑوا گھونٹ پیا ہے،ہمارے پاس یہ آخری آپشن ہے پھر بھی کچھ نہیں ہوا تو  پھر وفاق اپنے آپشن استعمال کرے گا۔

کراچی کی بہتری کے لیے تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان مفاہمت ہوئی ہے جس کے تحت وفاق اور سندھ حکومت نے مل کر کام کرنے کے لیے کمیٹی بنائی ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں کرنا چاہتے، ہم چاہتے ہیں کراچی کے مسائل حل ہوں اور عوام کو ریلیف ملے۔ پیپلز پارٹی نے مسائل حل کرنے کے بجائے عوام کے مسائل میں اضافہ کیا،ان کے پاس ایسے قابل لوگ نہیں جو کام کرسکیں،کراچی سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا،ہم نے سب سے پہلے کراچی میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنا ہے، ہمارے پاس یہ آخری آپشن ہے پھر بھی کچھ نہیں ہوا تو ڈنڈا ہمارے پاس موجود ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو آخری موقع دے رہے ہیں، اقدامات اٹھائیں، جو شہر پورے ملک کو چلاتا ہے، اس کا کوئی ماسٹر پلان ہی نہیں، ہمیں معلوم ہی نہیں کہ کراچی کا نظام کیا ہے، پیپلزپارٹی کو اب آپ کو گراؤنڈ میں آنا پڑے گا اور کام کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی ہویا سڑکوں کی مرمت کراچی کے عوام نے بہت سال برداشت کیا، امید کرتے ہیں کمیٹی ممبران کراچی کے حق میں بہترین فیصلے کریں گے۔

کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے شہر کی تین بڑی سیاسی جماعتوں کی اسلام آباد اور کراچی میں دو اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں جس میں کمیٹی بنائی گئی ہے۔

وفاق کی جانب سے اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق کمیٹی میں شامل ہوں گے جب کہ سندھ کی جانب سے مراد علی شاہ، ناصر شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے۔


Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top