استنبول: بالی ووڈ کے اداکار عامر خان کو ترکی کی خاتون اول آمینہ اردوان سے ملاقات کرنا مہنگا پڑ گیا۔
بالی وڈ اسٹار عامرخان کی ترک خاتون اول سے ملاقات پر بھارتی آپے سے باہر ہوگئے اور عامر خان پر کڑی تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
ترک خبر رساں ادارے اناطولو کے مطابق بولی وڈ سپر اسٹار عامر خان اپنی آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ کے سلسلے میں ان دنوں ترکی میں موجود ہیں اور انہوں نے خود ترک خاتون اول سے ملاقات کی درخواست کی تھی۔
ترک خاتون اول نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عامر کے ساتھ اپنی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار، فلم ساز اور ہدایت کار عامرخان سے استنبول میں ملاقات کرکے بڑی خوشی ہوئی ہے اور میں اس بات پر بھی بہت خوش ہوں کہ عامر خان نے اپنی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کی بقیہ شوٹنگ ترکی میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔
I had the great pleasure of meeting @aamir_khan, the world-renowned Indian actor, filmmaker, and director, in Istanbul. I was happy to learn that Aamir decided to wrap up the shooting of his latest movie ‘Laal Singh Chaddha’ in different parts of Turkey. I look forward to it! pic.twitter.com/3rSCMmAOMW— Emine Erdoğan (@EmineErdogan) August 15, 2020
ترک خاتون اول سے ملاقات کی تصاویر سامنے آنے کے بعد انتہاپسند بھارتیوں نے ایک بار پھر عامر خان کو نشانے پر لے لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر عامر خان کو کوئی بھارتی صارف وطن دشمن قرار دے رہا ہے تو کوئی پاکستان کے ساتھ مل کر بھارت کے خلاف سازش کا الزام لگا رہا ہے۔
بھارتی جنتا پارٹی نے عامر خان نے سے ملاقات کی وضاحت مانگتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عامر خان بتائیں کہ اس ملاقات کے پیچھے کیا مقصد تھا۔
دوسری جانب بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیم وشوا ہندو پریشد نے بھی عامر خان کی تُرک خاتون اول سے ملاقات پر تنقید کی اور کہا کہ عامر خان جیسے بالی ووڈ کے کچھ اداکار ایسے بھی ہیں جوکہ بھارت سے نفرت کرنے والوں کا ساتھ دیتے ہیں اور اُن کے لئے دل میں محبت رکھتے ہیں۔
Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں