کراچی: شہر قائد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے شہر کی تین بڑی سیاسی جماعتوں تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے اسلام آباد اور کراچی میں دو اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

ملاقات میں پیپلز پارٹی کی طرف سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سعید غنی اور ناصر شاہ شامل تھے جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وفاقی وزراء اسد عمر اور علی زیدی نے شرکت کی، میئر کراچی وسیم اختر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ کراچی کی ترقی کے لیے تمام جماعتوں نے اختلافات ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کراچی والوں کو مسائل سے نجات دلانے کا مشن، بڑے معاملے پر بڑی سوچ بچار ہوئی۔

رہنماؤں کی جانب سے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ کمیٹی کے سربراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے، جبکہ کمیٹی میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے رہنما بھی شامل ہوں گے۔

ملاقات میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل بھی شریک تھے جب کہ ملاقات کا ایجنڈا کراچی میں انفرا اسٹریکچر کی بہتری کے کاموں کو آگے بڑھانا تھا۔

اس حوالے سے ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مشاورتی کمیٹی میں وفاق اور سندھ حکومت کے تین تین نمائندے شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق کمیٹی میں شامل ہوں گے جب کہ سندھ کی جانب سے مراد علی شاہ، ناصر شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے۔

وزیراعظم نے کراچی کے حوالے سے جلد آئینی اور قانونی حل پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ ٹاسک ملنے کے بعد وزارت قانون نے کام شروع کر دیا۔ ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے کراچی کو اس وقت بڑے بڑے مسائل کا سامنا ہے جس میں بارش کے بعد پانی کی نکاسی کا مسئلہ سرفہرست ہے جبکہ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، بجلی کی لوڈشیڈنگ، خستہ حال سڑکیں پینے کا صاف پانی، انفراسٹرکچر، اسٹریٹ کرائم کی روک تھام اور دیگر معاملات حل طلب ہیں۔ ان معاملات کے بہتر ہونے سے شہر قائد کی خوشحالی کا سفر شروع ہو سکے گا۔



Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top