کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل بزنجو انتقال کرگئے۔
میر حاصل خان بزنجو پھپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق میر حاصل خان بزنجو کی تدفین ان کے آبائی علاقے خضدار میں کی جائے گی۔ ان کی عمر 62 سال تھی ۔
ترجمان جان بلیدی کا کہنا تھا کہ حاصل بزنجو کو طبیعت خرابی پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے میر حاصل بزنجو کے صاحبزادے کو ٹیلی فون کرکے ان سے اظہارتعزیت کی اور کہا اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور خاندان کوصبر دے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے میرحاصل بزنجو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے میرحاصل بزنجوکی مغفرت اور لواحقین کے لیےصبرجمیل کی دعا کی۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے میرحاصل بزنجو کی وفات پر تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اپنے والد کی طرح حاصل بزنجو بھی مظلوم قومیتوں کے حقوق کےعلمبردارتھے۔ میرحاصل بزنجو پارلیمنٹ میں جمہوریت کی توانا آواز تھے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ میرحاصل بزنجو ایک زیرک سیاستدان اور پر خلوص شخصیت کے حامل تھے۔ میرحاصل بزنجوکےانتقال کی خبرسن کردل گرفتہ ہوں۔ میر حاصل بزنجو کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیےدعاگو ہوں۔ اللہ تعالیٰ لواحقین اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔
میرحاصل خان بزنجو کے والد میرغوث بخش بزنجو قوم پرست رہنما تھے جو بلوچستان کے پہلے گورنر تھے۔
Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں