وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ اصل سی پیک تو بلوچستان ہے جو چمن سے افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں تک، ایران اور ترکی کے راستے یورپ تک رسائی کا واحد ذریعہ ہے، سی پیک میں بلوچستان کی اہمیت کو جتنی جلدی تسلیم کرلیا جائے ملک کے لئے فائدہ مند ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار جام کمال خان نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ جام کمال خان نے متعلقہ محکموں کی جانب سے ترقیاتی امور پر دی گئی بریفنگ کے حوالے سے کہا کہ ماضی کے برعکس موجودہ حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہوئے بھرپور دلچسپی کے ساتھ ہر سیکٹر میں ترقیاتی کام کرنا چاہتی ہے، تاہم اگر محکمے اس سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی کارکردگی بہتر نہیں کرتے تو یہ امر باعث افسوس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سول سوسائٹی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جوابدہ ہے اور بعض اوقات محکموں کی کمزور کارکردگی کے وجہ سے جواب دینا مشکل ہوجاتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم شعبہ ہونے کے باوجود محکمے کی ترجیحات کا تعین نہیں کیا گیا، اور نہ ہی نئے مالی سال کے لئے محکمے کی جانب سے ترقیاتی منصوبے تجویز کئے گئے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں