بڑی خبر- سابق صدر آصف زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری۔


اسلام آباد: احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
سابق صدر کی عدم موجودگی پر عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرمنل کیس ہے آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑے گا اس لیے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جاتی ہے، احتساب عدالت
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور 2 وزرائے اعظم نوازشریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی ہے۔ آصف زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی پر تحائف میں ملنے والی گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے اور احتساب عدالت نے 15 مئی کو ابتدائی سماعت پر ملزمان کے سمن جاری کیے تھے۔
گزشتہ سماعت کی طرح آج بھی  نواز شریف، آصف زرادی اور یوسف رضا گیلانی پیش نہیں ہوئے۔  اس دوران آصف زرداری کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ سابق صدر کی استثنیٰ کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میں سینئر وکیل ہوں اور عدالت میں بیان دے رہا ہوں کہ آصف زرداری آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے، فاروق نائیک نے مزید کہا کہ کورونا کے دن ہیں، آصف زرداری کی عمر بھی زیادہ ہے ان کے آنے سے لوگوں کا رش آجائے گا، اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ آصف زرداری کوکورونا تو نہیں ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کے ان کی جانب سے میں یہاں موجود ہوں۔
تا ہم عدالت نے وکیل کی بات نہ سنتے ہوئے کہا ہے کہ کرمنل کیس ہے آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑے گا اس لیے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

Post a Comment

اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں

 
Top