ہندو مندر کی تعمیر کیلئے فنڈز کا فیصلہ اسلامی نظریاتی کونسل کرے گی، اسلام آباد میں2017ء میں مندر کیلئے زمین دی گئی تھی، اسلام اقلیتوں کے حقوق کا درس دیتا ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی میڈیا سے گفتگو
وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کیلئے فنڈز دینے کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، اسلام آباد میں 2017ء میں مندر کیلئے زمین دی گئی تھی، اسلام اقلیتوں کے حقوق کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے اتحاد امت کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا، کہ حکومت کی خواہش ہے تمام علمائے کرام کوایک پیج پرلایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے بہت اچھی سوچ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی پالیسی تمام مذاہب کیلئے ایک جیسی ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ مندر کے حوالے سے کافی بحث ہو چکی ہے۔ اسلام اقلیتوں کے حقوق کا درس دیتا ہے۔
واضح رہے کہ ابھی تک مندر کیلئے فنڈز نہیں دیے گئے۔ فنڈز دینے سے متعلق فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے کہ مندر کی تعمیر کیلئے فنڈز دینا چاہیے یا نہیں۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ہندو مندر کی تعمیر کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی اور مشاورت حاصل کرنے کی ہدایت کردی۔ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے بعد مندر کی تعمیر کیلئے فنڈز سے متعلق فیصلہ وزیراعظم کرینگے۔
اس حوالے سے تمام تر سماجی اور مذہبی پہلوئوں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ ہوگا۔ مزید برآں ہندو مندر کی تعمیر کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ سی ڈی اے نے مندر کی تعمیر کے لیے سیکٹر ایچ نائن میں 4 کنال زمین دی، مندر کی تعمیر کے اخراجات حکومت قومی خزانے سے پورے کرے گی۔ قومی خزانے سے مندر کی تعمیراسلام اور آئین پاکستان کے منافی ہے۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں