پاکستان کو 26 جون 2020ء کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران عالمی اداروں سے 2 ارب ڈالر موصول ہوگئے، جس میں سے 809 ملین ڈالر (تقریباً 40 فیصد) غیرملکی قرضوں کی ادائیگی میں چلے گئے۔ اسٹیٹ بینک سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ادائیگیوں کے بعد پاکستان کے زر مبادلہ ذخائر میں 1.2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔
پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر اپریل 2020ء کے بعد پہلی بار 11.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، اس سے پہلے گزشتہ ہفتے ملکی زر مبادلہ ذخائر 7 ماہ کی کم ترین سطح پر چلے گئے تھے۔
زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں ڈالر کی آمد ہے، جس میں ورلڈ بینک سے 725 ملین، ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے 500 ملین جبکہ ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے ملنے والے 500 ملین ڈالر شامل ہیں۔
اسٹیٹ بینک زرمبادلہ ذخائر کا ڈیٹا ایک ہفتہ کی تاخیر سے جاری کرتا ہے، آئندہ ہفتے جاری ہونیوالے زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ دیکھنے کو ملے گا، کیونکہ چائنیز بینک کی جانب سے پاکستان کو 1.3 ارب ڈالر مزید موصول ہوچکے ہیں۔

Post a Comment
اگر آپ کو کچھ کہنا ہے تو ہمیں بتائیں